عزاداری کے پروگرام جاری رہیں گے،وحدت مسلمین

عزاداری کے پروگرام جاری رہیں گے،وحدت مسلمین

کوئی پابندی قبول نہیں کی جائے گی، کانفرنس سے علامہ ناصرعباس ودیگر کاخطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر )مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام دفاع عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، نامور شیعہ علما، سیاسی و مذہبی رہنما، ماتمی تنظیموں کے نمائندوں اور مساجد و امام بارگاہ کمیٹیوں کے اعلیٰ انتظامی اراکین سمیت ملت تشیع کی مختلف معروف شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں متفقہ طور پر اس موقف کی حمایت کی گئی کہ عزاداری سید الشہدا پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی قبول نہیں کی جائے گی،سندھ سمیت پورے ملک میں عزاداری کے تمام پروگرام اپنے روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری رہیں گے ۔کانفرنس سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہمارے سابقہ حکمرانوں نے اپنے بعض فیصلوں اور پالیسیوں سے قائد کے اس پاکستان کو محض ایک خواب بنا کر رکھ دیا۔ ہم قائد اعظم کا پاکستان چاہتے ہیں جہاں تمام افراد پر امن زندگی بسر کر سکیں ۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہاکہ حکومت کو محرم سے قبل حالات کی بہتری کے لیے موثر حکمت عملی طے کرنا ہو گی۔صوبائی و وفاقی حکومت عزاداری کے پروگراموں میں رکاوٹ بننے کی کوشش نہ کرے ۔علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا سندھ بھر کے جلوس اپنے روایتی انداز سے نکالیں جائیں گے ۔ اس موقع پرعلامہ فرقان عابدی ، ظفر عباس ظفر،علامہ مبشر حسن،علامہ صادق جعفری بھی شریک تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں