جوبلی مارکیٹ میں دوبارہ آپریشن، احتجاجی دکانداروں پر لاٹھی چارج

جوبلی مارکیٹ میں دوبارہ آپریشن، احتجاجی دکانداروں پر لاٹھی چارج

ٹیم مشینری اور عملے کے ہمراہ پہنچی،متعدد زیرحراست ،سخت سیکیورٹی انتظامات،32 دکانوں کو پہلے ہی مسمار کیا جاچکا ہے ،ہزاروں خاندان متاثر ہونگے،دکانداروں کاموقف،عدالتی احکامات کی مکمل پاسداری ہو گی،محکمہ انسداد تجاوزات

کراچی(بزنس رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے نالے پر قائم جوبلی کلاتھ مارکیٹ کی 164 کے قریب دکانیں مسمار کرنے کے سلسلے میں گزشتہ روز دوبارہ آپریشن کیا گیا جبکہ اس دوران مزاحمت پر متاثرہ دکانداروں پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج بھی کیا گیا اور کار سرکار میں مداخلت پر متعدد دکانداروں کو حراست میں لے لیا گیا ۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل جوبلی مارکیٹ کی دکانوں کا فرش نالے میں دھنس گیا تھا،جوبلی مارکیٹ کی 32 دکانوں کو پہلے ہی مسمار کیا جاچکا ہے جبکہ باقی ماندہ دکانیں مسمار کرنے کیلئے گزشتہ روز دوبارہ آپریشن شروع کیا گیا،آپریشن کیلئے محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم ہیوی مشینری اور عملے کے ہمراہ جوبلی مارکیٹ پہنچی،اس موقع پرعلا قہ اسسٹنٹ کمشنر اورپولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی،جوبلی مارکیٹ کے دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کو روکنے کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔اس موقع پر جوبلی مارکیٹ کے دکاندار ہیوی مشینری کے سامنے سراپا احتجاج بن گئے ،دکانداروں کا کہنا تھا کہ ہمیں متبادل فراہم کیا جائے ، ہزاروں خاندان متاثر ہونگے ، دکانوں کو گرانے سے روکنے کے لیے جان بھی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ دکانداروں کے شدید احتجاج پر پولیس نے دکانداروں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور متعدد دکان داروں کو حراست میں بھی لے لیا۔ محکمہ انسداد تجاوزات کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کی مکمل پاسداری کی جائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں