حیدرآبادمیں بجلی کے ستائے شہریوں کا ٹائرجلاکراحتجاج

حیدرآبادمیں بجلی کے ستائے شہریوں کا ٹائرجلاکراحتجاج

حیسکو کے خلاف نعرے بازی،روہڑی میں سیپکو نے درجنوں کنڈاکنکشن کاٹ دیے

حیدرآباد،روہڑی(نمائندگان دُنیا)حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل دورانیے کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ، کھلونا گلی میں دو روز سے بجلی بند رہنے کے باعث علاقہ مکینوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور انہوں نے سڑک پر آکر احتجاج کیا ،ٹائر جلائے اور حیسکو انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ سے ٹرانسفارمر خراب ہے ، حیسکو کا متعلقہ عملہ عارضی طورپر ٹرانسفارمر صحیح کراتا ہے لیکن وہ پھر خراب ہوجاتا ہے ،عید پر بھی بجلی نہ ہونے کی وجہ سے تینوں دن اندھیرے میں گزارے ہیں ، بجلی نہ ہونے کے سبب پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم، وفاقی وزیر پانی وبجلی اور حیسکو چیف سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے کر بجلی بحال کی جائے۔ روہڑی میں بجلی چوری اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کی شکایات کا سیپکو ٹیم نے نوٹس لیتے ہوئے روہڑی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی کنڈا کنکشنوں کے خلاف آپریشن کے دوران سو سے زائد کنکشن منقطع کر کے تاریں تحویل میں لے لیں۔ اس موقع پر ایکس ای این روہڑی راجکمار نے بتایا کہ بجلی چوری کے باعث ٹرانسفارمر اور لنک جلنے سمیت دیگر مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں