خانپورمہر،گڈانی پتافی قبائل میں تنازع پھربھڑک اٹھا

خانپورمہر،گڈانی پتافی قبائل میں تنازع پھربھڑک اٹھا

پنگریو ،بدھوتالپورمیں حادثات ،ایک شخص ہلاک،پانچ افراد زخمی ہوگئے

خانپور مہر،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا ) خانپور مہر تھانے کی حدود گاؤں لعل پتافی میں گڈانی اور پتافی قبیلوں کے درمیان زمینی تکرار پر کئی سال سے جاری تنازع میں اب تک ایک شخص ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس ہے ۔گزشتہ روز دونوں قبیلوں کی زمینی تکرار ایک بار پھر بھڑک اٹھی جس کے دوران فائرنگ سے طالب پتافی زخمی ہوگیا۔ دریں اثنا خانپور مہر تھانے کی حدود پیر بری کے علاقے میں بوزدار برادری کے دو گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی پر ایک دوسرے پر فائرنگ کے نتیجے میں گولی لگنے سے خاتون بیناز زوجہ سلطان بوزدار شدید زخمی ہو گئی جبکہ پولیس نے تین افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پنگریو کے قریب تھرکول شاہراہ پرکار کی ٹکر سے زخمی ہونے والا نوجوان ہارون لوندزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے حیدرآباد کے اسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔ دریں اثنا جھڈوروڈ پر تیزرفتار اے سی کوچ اورکار کے تصادم میں کارڈرائیورعلی نوازملاح زخمی ہوگیا۔ بدھو تالپور سے نمائندے کے مطابق سجاول کے قریب چوھڑجمالی روڈ پر ٹرک اور کار کے تصادم میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ میہڑ کے تھانے تھرڑی محبت کی حدود گائوں سولنگی میں ناریجہ اور سمیجہ برادری کے دو گروپوں میں پلاٹ کے معاملے پر تصادم میں خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ ٹھاروشاہ سے نمائندے کے مطابق سیپکو کا ملازم ندیم خانزادہ اپنے گھر جارہا تھا کہ اچانک عدنان خانزادہ اسٹیل کی راڈ سے حملہ کرکے اسے زخمی کرکے فرار ہوگیا جبکہ زخمی ندیم خانزادہ اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گیا ۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں