کورونا کے پیش نظر متحدہ نے کل کی ریلی ملتوی کردی

کورونا کے پیش نظر متحدہ نے کل کی ریلی ملتوی کردی

ویکسی نیشن مہم میں سست روی پر کمشنر نواب شاہ برہم،اے سی ڈگری کی اپیل

حیدرآباد،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنورنویدجمیل نے 31جولائی کو حیدرآباد میں نکالی جانے والی حقوق ریلی کورونا وائرس کے پھیلائو کے باعث ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا سے بچائو کے لئے احتیاط کریں ۔ایم کیوایم حیدرآباد کے زونل آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنورنوید جمیل نے کہاکہ سندھ کے شہری جانتے ہیں کہ صوبائی حکومت نے ان کے لئے کچھ نہیں کیا ، حکومت کے اس رویے سے تنگ آکر ہم نے علیحدہ صوبے کا مطالبہ کیا ہے۔ کنڈیارو سے نمائندے کے مطابق کمشنر شہید بینظیر آباد سید محسن علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر آفس میں کورونا ویکسی نیشن مہم کے انتظامات کے سلسلے میں منعقد اجلاس کی صدارت کی ۔ انہوں نے کورونا ویکسی نیشن مہم کی رفتار میں سست روی پر برہمی کا اظہا ر کیا اور کہا کہ محکمہ صحت ضلع میں کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر ویکسی نیشن کا ریکارڈ بھی درج کیا جائے۔ ڈگری سے نمائندے کے مطابق سندھ بھر میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر ڈگری جھامن داس نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مارکیٹس شام چھ بجے بند کردی جائیں گی جبکہ ہوٹلز پر ان ڈور سروس پر پابندی ہوگی جوخلاف ورزی پرسیل کردیے جائیں گے دکاندار فوری طور پر ویکسین لگوائیں ورنہ دکان سیل کردی جائے گی۔ سکرنڈ سے نمائندے کے مطابق تعلقہ سکرنڈ میں ایک دن میں 1165 افراد کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی۔ یہ بات اے ایم ایس تعلقہ اسپتال سکرنڈ ڈاکٹر نصیر میمن اور کورونا ویکسی نیشن مہم کے تعلقہ انچارج ڈاکٹر حامد خانزادہ نے ڈپٹی کمشنر سید ابرار حسین جعفر اور اسسٹنٹ کمشنر سلیم جتوئی کو تعلقہ اسپتال سکرنڈ کے دورے کے دوران انہیں بریفنگ کے دوران بتائی جنہوں نے اسپتال کے دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا اور انتظامات پر تسلی کا اظہار کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں