شہریوں کو فراہمی آب میں رکاوٹ برداشت نہیں، نجم شاہ

شہریوں کو فراہمی آب میں رکاوٹ برداشت نہیں، نجم شاہ

بلا تعطل فراہمی آب اولین ترجیحات میں شامل، پانی چوروں کا قلع قمع کردیا جائے گا ،65 ایم جی ڈی پر مشتمل آبی پروجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہے، سیکریٹری بلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لئے پانی کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں پینے اور دیگر ضروریات زندگی کے لئے مستقل فراہمی آب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر بلدیات کی ہدایت پر پانی چوروں کا قلع قمع کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گفتگو میں کیا۔ سیکریٹری بلدیات سندھ نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات نے پانی چوروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایات جاری کی ہیں، جن پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا جائے گا۔ نجم احمد شاہ کے مطابق حکومت سندھ شہریوں کو مستقل فراہمی آب کے منصوبے سے فیضیاب کرنا چاہتی ہے اور اس مشن کی تکمیل میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام رہائشی و کمرشل علاقوں میں یکساں طور پر فراہمی آب کے لئے واٹر بورڈ کی کارکردگی کو باقاعدہ مانیٹر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو فراہمی آب کے حوالے سے واٹر ڈی سیلی نیشن پلانٹ کے منصوبے پر کام جاری ہے، جس کے لئے عالمی ماہرین کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جارہا ہے۔ سیکریٹری بلدیات کے مطابق کراچی شہر کی مستقبل قریب میں پیدا ہونے والی پانی کی ضروریات کے پیش نظر 65 ایم جی ڈی پر مشتمل فراہمی آب کا پروجیکٹ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں