عباسی اسپتال کے کوویڈ وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھادی گئی

عباسی اسپتال کے کوویڈ وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھادی گئی

جے ڈی سی کی جانب سے 25 مانیٹرز اور پی پی کٹس سمیت دیگر طبی آلات کی فراہمی ،کوویڈ وارڈ میں فرائض انجام دینے والوں کو ہر ممکن مراعات دینگے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے کوویڈ 19 ایمرجنسی وارڈ میں مزید بیڈز اور مانیٹرز کے اضافے کے بعد بیڈز کی تعداد 82 ہوگئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو عباسی شہید اسپتال میں جے ڈی سی کی جانب سے فراہم کردہ 25 نئے مانیٹرز اور 500 پی پی کٹس سمیت دیگر طبی آلات کی فراہمی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز عبدالحمید جمانی، ڈائریکٹرمیڈیکل ڈاکٹر ندیم راجپوت، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی اسپتال ڈاکٹر ندیم آصف، ڈاکٹر ایم نادر خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ جو افراد کوویڈ وارڈ میں فرائض انجام دیں گے انہیں ہر ممکن مراعات فراہم کی جائیں گی، ہر ممکن کوشش ہوگی کہ عباسی شہید اسپتال میں آنے والے کوویڈ سے متاثرہ مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جائیں۔ علاوہ ازیں جراثیم کش اسپرے مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مون سون سیزن میں مکھیوں، مچھروں و دیگر جراثیم کے خاتمے اور افزائش روکنے کے لئے سول سوسائٹی کے تعاون سے شہر بھر میں بھرپور جراثیم کش اسپرے مہم شروع کی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں مساجد، چرچ، مندر، اسکولز،کالجز، بازاروں اور شاپنگ سینٹرزکے اطراف اسپرے کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں