پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی، کاشف سعید

 پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی، کاشف سعید

آئی ایم ایف کے مطالبات پربجلی، گیس سمیت روزمرہ اشیا مہنگی ،عوام زندہ درگوردو فیصد اشرافیہ نے 98فیصد عوام کو غلام بنا رکھا ،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے بھی کم عرصے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے اسے حکومت کی جانب سے بھوک، بدحالی، بیروزگاری اور مہنگائی کے سونامی میں پہلے سے غرق عوام پر خودکش حملہ اور عوام کے منہ سے آخری نوالہ چھیننے کے مترادف قرار دیا ہے ۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ سال رواں کا بجٹ پیش کرنے کے بعد حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے مطالبات پر بجلی،گیس، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور چینی، گھی، آٹے سمیت روزمرہ کی ہر چیز مہنگی کرکے عوام کو زندہ درگور کردیا گیا ہے۔ عمران خان کے تین سالہ دور اقتدار نے سابق حکمرانوں کے تیس سالہ دور کو بھی مہنگائی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے ، دوسال سے کورونا وائرس کی وجہ سے بیروزگاری میں اضافہ جبکہ تین سالہ دور حکومت میں ہوشربا مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑادیے ہیں، عوام صاف پانی سے محروم ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری نے ان کا جینا دوبھر کردیا، پاکستانیوں کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ہتھکڑیاں ہیں، دو فیصد اشرافیہ نے 98فیصد عوام کو غلام بنا رکھا ہے ۔پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سمیت دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں