ہائی ویز اور موٹر ویز پر ڈیڑھ لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ

 ہائی ویز اور موٹر ویز پر ڈیڑھ لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ

ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کیلئے ہر شخص کو ایک درخت لگانا چاہیےدرخت ماحول کو صاف و شفاف رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،علی شیر جکھرانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ،ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے ہر شخص کو ایک درخت لگانا چاہیے۔ ترجمان موٹروے پولیس ساؤتھ زون کے مطابق وزیر اعظم کی گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے موٹروے پولیس ساؤتھ زون اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی مشترکہ شجرکاری مہم کے تحت سینئر افسران نے لیاری ایکسپریس وے ماڑی پور کے مقام پر مختلف اقسام کے پودے لگائے ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی موٹروے پولیس ساؤتھ زون علی شیر جکھرانی، جی ایم این ایچ اے شبیر شیخ اور ایس پی موٹروے سید فرحان موجود تھے۔ ڈی آئی جی موٹروے پولیس علی شیر جکھرانی نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے جس کے ذریعے ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک صاف اور ہرا بھرا پاکستان چھوڑ کر جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانے سے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کئی گنا کم کیا جا سکتا ہے ۔ درخت آکسیجن پیدا کرنے اور ماحول صاف و شفاف رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر جی ایم این ایچ اے شبیر شیخ نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر صوبے بھر کے ہائی ویز اور موٹر ویز پر تقریباً ڈیڑھ لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ علی شیر جکھرانی نے اس موقع پر مزید کہا کہ ہائی ویز اور موٹر ویز پر درختوں کی دیکھ بھال مل کر کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں