صفائی مہم، 50 ہزار ٹن سے زائد کچرا لینڈ فل سائٹ منتقل
مکینیکل سوئپنگ، واشنگ کے ذریعے سڑکوں کی صفائی بھی کی گئی، ایم ڈی سالڈ ویسٹ بورڈصفائی ستھرائی کسی ایک ادارے کا کام نہیں،سب کی ذمہ داری ،شہری تعاون کریں، زبیر چنہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ کی ہدایت پر عیدالاضحی کے بعد ہفتہ وار صفائی مہم کے دوران 50 ہزار ٹن سے زائدکچرا لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ آلائشوں کے ساتھ بڑی مقدار میں کچرا بھی لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا تھا، لیکن عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی باقیات، بھوسہ اور مٹی کی وجہ سے کچرے کی مقدار بڑھ جاتی ہے، لہٰذا صفائی مہم کے ذریعے تمام پوائنٹس کی صفائی یقینی بنائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں مکینیکل سوئپنگ اور واشنگ کے ذریعے سڑکوں کی صفائی بھی کی گئی۔ دریں اثنا مون سون بارشوں کے پیش نظر نالوں کو اوورفلو ہونے سے بچانے کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ نالوں یا اطراف میں کچرا پھینکنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے 144(6) کا نفاذ کر دیا گیا ہے ۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی سفارشات پر کمشنر کراچی نے نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دی ہیں کہ وہ علاقہ پولیس کی کوآرڈی نیشن سے ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں جو نالوں میں کچرا ڈال کر چوک کرتے ہیں، جس سے برسات کا پانی آبادیوں میں داخل ہوکر جان و مال کے نقصان کا سبب بنتاہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ایم ڈی زبیر چنہ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی صفائی ستھرائی کسی ایک فرد یا ایک ادارے کا کام نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے، لہٰذا وہ صفائی کے امور میں تعاون کریں۔