ویکسی نیشن سینٹرز پر رش سے کورونا بڑھنے کاخدشہ

ویکسی نیشن سینٹرز پر رش سے کورونا بڑھنے کاخدشہ

عوام کا دباؤ کنٹرول سے باہر ،حکومت سینٹرز کی تعدادبڑھائے ، ڈاکٹر عبداللہ سم بلاک ہونے اور تنخواہیں روکنے کیلئے ڈیڈلائن کی مدت میں اضافے کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عبداللہ متقی نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن سینٹرز پر بڑھتا رش کورونا وائرس میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے ۔ پروفیسر عبداللہ متقی نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرے اور کچھ عرصہ کے لئے صرف مخصوص ویکسی نیشن سینٹرز کے اوقات کار بڑھانے کے بجائے شہر میں قائم تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو 24 گھنٹے کے لیے کھول دے تاکہ ان مراکز پر بڑھتے ہوئے رش میں کمی آ سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ویکسی نیشن مراکز پر شہریوں کا رش در اصل سم بلاک ہونے اور تنخواہیں روکنے کے لیے دی جانے والی ڈیڈ لائن کی وجہ سے ہے جسے حکومت واپس لے یا اس ڈیڈ لائن کی مدت میں اضافہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن مراکز پر عوام کا دباؤ کنٹرول سے باہر ہوتا جا رہا ہے اور اس رش کے نتیجے میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد ممکن نہیں ہو رہا ، خدشہ ہے کہ اس سے کورونا وائرس کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن جیسے سخت اقدامات ، معاشی مشکلات اور کورونا وائرس سے بچنا چاہتے ہیں تو جلد از جلد ویکسی نیشن کرائیں اور ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، اس سلسلے میں انہیں بھی ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں