الخدمت کے تعاون سے کے ایم سی کے تحت اسپرے مہم کا آغاز

الخدمت کے تعاون سے کے ایم سی کے تحت اسپرے مہم کا آغاز

بلدیہ عظمیٰ گاڑیاں،عملہ اور الخدمت جراثیم کش اسپرے کیلئے دوائیں فراہم کریگیاسپرے مہم تمام اضلاع میں چلائی جائیگی، رو زانہ کی بنیاد پر اسپرے ہوگا،ایڈمنسٹریٹرکراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا ہے کہ شہر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز پیر سے کیا جارہا ہے تاکہ عیدالاضحی اور مون سون سیزن شروع ہونے کے بعد جو مکھی، مچھر اور دیگر حشرات پیدا ہوئے ہیں انہیں ختم کیا جا سکے ۔ یہ بات انہوں نے اسپرے مہم کا آغاز کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز ایس ایم طحہٰ ، ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، ڈائریکٹر میونسپل پبلک ہیلتھ مجدد اسرانی، طارق مصطفی، الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین، کوآرڈی نیٹر الخدمت منظر عالم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ اسپرے مہم کراچی کے تمام اضلاع میں چلائی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر اسپرے کیا جائے گا ، اسی طرح بتدریج ہر ضلع میں یہ مہم چلائی جائے گی، اس کے لیے کے ایم سی نے 35گاڑیاں اور تربیت یافتہ عملہ فراہم کیا ہے جبکہ الخدمت گاڑیوں کا ڈیزل اور اسپرے کے لیے دوائیں فراہم کرے گی۔ الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری ادارے اور سول سوسائٹی مل کر کام کریں گے تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ قبل ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور الخدمت کے تحت مفاہمتی یادداشت پر کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز سید محمد طحہٰ اور الخدمت کی جانب سے قاضی سید صدر الدین نے دستخط کیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں