محرم سے قبل جامع سیکیورٹی پلان مرتب ہونا ضروری،گورنر

 محرم سے قبل جامع سیکیورٹی پلان مرتب ہونا ضروری،گورنر

سیکیورٹی ادارے کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں، شرپسند عناصر پر مستعدی سے نظر رکھیں علما، امن کمیٹیوں کو بھی فعال رکھا جائے ، عمران اسماعیل،جعفریہ الائنس کے وفد کی ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جعفریہ الائنس کے 10 رکنی وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں محرم الحرام کے جلوسوں اور اجتماعات کے سیکیورٹی انتظامات، شہر میں امن و امان کے قیام، پانی و بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور دلچسپی کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے جعفریہ الائنس کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم/صفر کے جلوسوں اور مجالس کے دوران تمام دستیاب وسائل کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے اور بلا تعطل بجلی و پانی کی دستیابی کیلئے استعمال کیا جائیگا۔ انہوں نے ملک میں کوویڈ 19 وبائی صورتحال کے حوالے سے علما اور مجالس/ اجتماعات کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے مجالس اور اجتماعات کے دوران ایس او پیز پر یقینی عملدرآمد کیلئے علما سے عملی تجاویز اور سفارشات بھی طلب کیں۔ وفد نے گورنر سندھ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ محرم الحرام سے قبل جامع سیکیورٹی پلان مرتب ہونا ضروری ہے، تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پروایکٹو اقدامات کے تحت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں اور شرپسند عناصر پر مستعدی سے نظر رکھیں۔ گورنر نے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے علما/ امن کمیٹیوں کو بھی فعال رکھا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں