جامعہ کراچی,ایم فل, پی ایچ ڈی امتحان میں انتظامی نااہلی چھپانے کیلئے معاملہ سرد خانے کی نزر

جامعہ کراچی,ایم فل, پی ایچ ڈی امتحان میں انتظامی نااہلی چھپانے کیلئے معاملہ سرد خانے کی نزر

من پسند طلبا کو نوازنے کے لئے فہرست میں ردوبدل، قانونی کارروائی سے گریز، انکوائری کمیٹی تشکیل نہیں دی جاسکی، نظرانداز طلبا کا ملوث عناصر کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات میں ایم فل، پی ایچ ڈی امتحان میں انتظامی نااہلی چھپانے کے لئے معاملے کو سرد خانے کی نذر کردیا گیا، من پسند طلبہ و طالبات کو نوازنے کے لئے فہرست میں ردوبدل کر کے اہل طلبہ کو نظر انداز کیا گیا، معاملہ سامنے آنے کے باوجود قانونی کارروائی سے گریز کیا گیا، انکوائری کمیٹی تشکیل نہیں دی جاسکی ہے۔ نظر انداز کئے جانے والے طلبہ نے ملوث عناصر کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جامعہ کراچی میں انتظامی امور میں من پسند افسران کو نوازنے کے باعث ایم فل اور پی ایچ ڈی پیپرز میں بھی گھپلوں کی شکایات میں اضافہ ہوگیا ہے، جس میں مبینہ طور پر بھاری رشوت وصولی کے عوض من پسند افراد کونوازا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں گزشتہ ماہ شعبہ جرمیات میں ایم فل پی ایچ ڈی کے لئے مجموعی طور پر امتحانات کے لئے 55 طلبہ و طالبات کا انتخاب کیا گیا، تاہم آخری لمحات میں اس فہرست میں دو طلبہ کو نوازنے کے لئے شامل کیا گیا اور امتحان کے دوران طلبہ کو حل شدہ پیپرز تھمائے گئے، جس کی نشاندہی پر شعبہ جرمیات کی چیئرپرسن نے فوری طور پر یہ پیپر واپس لے لئے ، امتحان کے بعد ایسے طلبہ وطالبات کو کلیئر کیا گیا جنہیں شعبہ جرمیات سے متعلق معلومات بھی نہ ہونے کے برابر تھیں۔ اس حوالے سے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی، لیکن اس معاملے کو بھی فوری طور پر دبا دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں