کراچی میں کورونا حکومتی نااہلی سے بڑھا،آفتاب صدیقی

کراچی میں کورونا حکومتی نااہلی سے بڑھا،آفتاب صدیقی

ملک کے ہر صوبے میں وزیراعظم نے کورونا کی ویکسین دی، رکن قومی اسمبلی،ڈیفنس فیز 7میں منعقدہ کورونا ویکسی نیشن کیمپ کا دورہ ،میڈیا سے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی ،اراکین سندھ اسمبلی خرم شیر زمان اور شہزاد قریشی نے ڈیفنس اینڈ کلفٹن ایسوسی ایشن آف ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کی جانب سے ڈیفنس فیز 7میں لگائے گئے کورونا ویکسی نیشن کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے کہا کہ آج ملک میں ہر جگہ کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں کیونکہ وہاں ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ، کراچی میں کورونا کے کیسز میں اضافہ صوبائی حکومت کی نالائقی کی وجہ سے ہوا، پوری دنیامیں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے ، ملک کے ہر صوبے میں وزیراعظم نے کورونا کی ویکسین دی، پوری دنیا کی اکانومی نیچے جارہی ہے لیکن وزیر اعظم کی پالیسیوں سے ملک کے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت سندھ سے زیادہ نجی ادارے اچھی طرح ویکسی نیشن کا عمل چلا رہے ہیں، ہم سب کو ایس او پیز کا خیال رکھنا ہے ، اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو کورونا وبا پرقابو پانا ممکن نہیں، ہم نہیں چاہتے کہ دوسرے ملکوں کی طرح پاکستان کے حالات بھی خراب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کا پیسہ باہر بھیجا،کرپٹ سیاسی جماعتوں کا ملک سے خاتمہ کرینگے، جس طرح کشمیر، گلگت میں ان کا خاتمہ ہوا اسی طرح سندھ سے بھی ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں