محدود وسائل میں بھی پولیس کا کردار مثالی،گورنر سندھ

محدود وسائل میں بھی پولیس کا کردار مثالی،گورنر سندھ

جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی،ہمیں اپنی صلاحیتیں ملک و قوم کی ترقی اور سلامتی کے لئے وقف کرنی چاہئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر وطن عزیز میں امن و استحکام اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس فورس کے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مشکل حالات، محدود وسائل کے باوجود پولیس نے امن اور عوام کی حفاظت کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے ، ملک کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنی تمام تر صلاحیتیں اور قومی وسائل ملک و قوم کی ترقی اور سلامتی کے لئے وقف کر دیں۔ علاوہ ازیں گورنر نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بلیک آؤٹ آج بھی جاری ہے، دنیا جانتی ہے کہ بنیادی حقوق آج بھی معطل ہیں اور کشمیری اپنے بنیادی حقوق سے بھی محروم ہیں۔ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے 74 ویں اجلاس میں کشمیریوں کا مقدمہ احسن طریقے سے پیش کرکے ثابت کیا کہ وہ کشمیریوں کے سفیر کے طور پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی حاصل کرکے رہیں گے اور ہماری حکومت اس عزم و استقلال میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں