اندرون سندھ کئی شہریوں میںلاک ڈائون کی خلاف ورزیاں

اندرون سندھ کئی شہریوں میںلاک ڈائون کی خلاف ورزیاں

لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر لاڑکانہ میں جرمانے ،کنری میں سودکانیں،شاپنگ سینٹر سیل

روہڑی،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) روہڑی اور اسکے آس پاس کے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہی علاقوں میں جزوی طور پر کاروبارجاری رہا اور بیشتر دکانیں کھلی رہیں جبکہ انتظامیہ غائب تھی اور ایس اوپیز کی خلاف ورزیاں بھی جاری رہیں، نواحی علاقے کندھرا میں پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر رشوت کے عوض بیشتر دکانداروں کو چھوٹ دینے اور رشوت نہ دینے والے دکانداروں اور ریڑھی بانوں پر لاٹھیاں برسا کر کاروبار بندکرانے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔سکھر شہر اور اسکے گرد ونواح میں پانچویں روز بھی لاک ڈائون کی وجہ سے تجارتی و کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں، شہر کے اہم کاروباری،تجارتی مراکز اور بازار مکمل طور پر بند رہے اور ان میں ویرانی چھائی رہی تاہم کچھ مراکز میں ایس اوپیز اور لاک ڈائون کی خلاف ورزیاں بھی جاری رہیں جبکہ انتظامیہ اور پولیس پانچویں روز بھی غائب رہی ۔لاڑکانہ میں بھی لاک ڈائون کے پانچویں روز تاجر صبح کے وقت دکانیں کھول کر سرعام پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں خرید و فروخت کرتے رہے تاہم دوپہر کے وقت اسسٹنٹ کمشنر احمد علی سومرو نے شہر کے اہم کاروباری مراکز کا دورہ کرکے کھلی دکانیں بند کرواکر دو دکانیں سیل کرکے ان پر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے پاکستانی چوک پر بریانی کی دکان پر کارروائی کرکے بریانی کی دیگ کو ضبط کرکے ایک دکاندار کو گرفتار کر لیا جبکہ ہوٹل پر شہریوں کے رش پر انہوں نے ہوٹل مالک پر دو ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے ہوٹل بند کروادیا۔کنری سے نمائندے کے مطابق لاک ڈاؤن اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر کنری محمد حسین کھوسہ نے پولیس کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے صدر بازار ودیگر مارکیٹوں میں سو سے زائد دکانیں اور شاپنگ سینٹر سیل کر دیا ،اسسٹنٹ کمشنر کے مارکیٹ میں داخل ہونے کی خبر ملتے ہی کئی دکاندار دکانیں بند کرکے رفو چکر ہو گئے ،کئی دکانوں میں دکاندار شٹر گرا کر اندر گاھکوں کو ڈیل کر رہے تھے جن کو باہر نکال کر ان کی دکانیں سیل کر دی گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں