ایچ ڈی اے کے ہزاروں شہریوں سے فراڈ کی مذمت

ایچ ڈی اے کے ہزاروں شہریوں سے فراڈ کی مذمت

28سال سے پلاٹ کے منتظر37ہزار افراد کو کینسی لیشن کا تحفہ دیاگیا،وسیم حسین

حیدرآباد(نمائندہ دنیا) ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ انچارج و سابق ایم این اے سید وسیم حسین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ سرکاری سطح پر37ہزار لوگوں سے رقم وصول کرنے والوں کے خلاف نوٹس لیکر کرپٹ افسران کوقانون کے کٹہرے میں لاکر حیدرآباد کے عوام کوانصاف فراہم کریں۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شروع کی جانے والی رہائشی اسکیموں میں عوام کو سہانے خواب دکھا کر شہریوں کو جمع پونجی سے محروم کرکے رقم بٹوری گئی اور 1992 میں کوہسار ایکسٹینشن کے نام پر پلاٹ فروخت کئے گئے مگر آج یہ صورت حال ہے کہ ایچ ڈی اے نے رقم ادا کرنے والوں اور 28 سال سے پلاٹ کے منتظر افراد کو کینسی لیشن کا تحفہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم میں عوام کو لوٹنے کے بعد پھر2009ء میں ایک اور رہائشی اسکیم متعارف کرائی گئی جس میں بلند و بالا دعوے کئے گئے اور اسکیم میں تین ہزار ایکڑ پر 37 ہزار شہریوں سے رقم وصول کی گئی جس میں سے85فیصد رقم9ارب روپے وصول کئے جاچکے ہیں اور یہ رقم حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اکائونٹ میں وصول کی گئی ۔ گیارہ سال میں 85 فیصد رقم وصول کرنے کے باوجود صرف سڑکوں کی تعمیر ہوئی اور آج تک کوئی کام نہیں ہوا جس پر احتساب کے اداروں کو ایکشن لینا چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں