شہری ڈپریشن کا شکار،تفریحی سہولتیں ناگزیر، ایڈمنسٹریٹر
پارکوں کی تزئین و آرائش اور دیگر سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، لئیق احمد،جھیل پارک کے حصوں کا معائنہ، گرنے والی بیرونی دیوار تعمیر کرنے کے احکامات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں کوویڈ19 کی تشویشناک صورتحال کے باعث شہری مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہیں، اس جان لیوا وبا نے زندگی یکسر تبدیل کرکے رکھ دی ہے، لہٰذا کوویڈ کی صورتحال بہتر ہوتے ہی شہریوں کو پرفضا مقامات اور پارکوں سمیت زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے، تمام پارکوں کی تزئین و آرائش اور دیگر سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری اپنے خاندان کے لوگوں کے ساتھ ان پارکوں میں آکر بہتر وقت گزار سکیں۔ یہ بات انہوں نے جھیل پارک طارق روڈ کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن خالد خان، ڈائریکٹر پارکس جنید اللہ خان، ضلع شرقی کے چیف انجینئر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے جھیل پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جھیل پارک کی بیرونی دیوار جو کئی جگہ سے گر گئی ہے اسے فوری تعمیر کرنے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھیل پارک کراچی کے قدیم پارکوں میں شامل ہے اور یہ پارک اطراف کی بہت بڑی آبادی کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ ہے، شام کے اوقات میں شہریوں کی بڑی تعداد اس پارک میں فرصت کے لمحات گزارنے کے لئے آتی ہے، لہٰذا اس جگہ کو خوب سے خوب تر بنایا جائے، پارکوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔