شادی سے انکارپربیٹوں نے بوڑھی ماں کو گھربدرکردیا

شادی سے انکارپربیٹوں نے بوڑھی ماں کو گھربدرکردیا

بیٹے رقم کے عوض شادی کرارہے تھے ،مجھے بوجھ سمجھتے ہیں،بوڑھی بیوہ ماں

حیدرآباد(نمائندہ دنیا)بھٹ شاہ میں ناخلف بیٹوں نے اپنی 60 سالہ ضعیف ماں کو رقم کے عوض شادی کی کوشش ناکام ہونے پرتشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیا۔ ضعیف ماں دردر کی ٹھوکریں کھاتے ہوئے حیدرآباد پہنچ کر غیروں کے پاس پناہ لینے پر مجبور ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بھٹ شاہ کی لطیف کالونی کی 60 سالہ بیوہ مسماۃ گلاں زوجہ مرحوم شیدو اوڈ نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ میرے بیٹے نصیر ،امیر، ضمیر اور شہمیر چند روپے کے عوض مجھے فروخت کر کے میری شادی کرانا چاہتے ہیں اور میرے انکار پر انہوں نے مجھے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر سے نکال دیا جس پر میں حیدرآباد پہنچی ہوں اور میں نے یہاں اپنے ایک دور کے رشتے دار کے گھر پناہ حاصل کی ہے ۔مسماۃ گلاں نے بتایا کہ میرا شوہر 30 سال قبل انتقال کرچکا ہے اور اب میرے بیٹے مجھے بوجھ سمجھنے لگے ہیں جس کو اتارنے کے لئے میرے بیٹے مجھے فروخت کر کے میری شادی کرانا چاہتے ہیں۔ میرے بیٹے میرے اغوا کا الزام میرے بھائی پر عائد کر رہے ہیں جو جھوٹا اور بے بنیاد ہے ۔ انہوں نے ایس ایس پی مٹیاری سمیت ارباب اختیار سے اپیل کی کہ میرے بیٹوں کے ظلم کا نوٹس لے کر مجھے تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں