ٹیچرز کی بھرتی کے امتحان میں امیدوار رل کررہ گئے

ٹیچرز کی بھرتی کے امتحان میں امیدوار رل کررہ گئے

صبح ساڑھے سات بجے بلاکر ٹیسٹ11بجے شروع کیا گیا،پنکھے ،پانی غائب

حیدرآباد،اندرون سندھ (نمائندگان دُنیا، بیورو رپورٹ)آئی بی اے سکھر کے زیر اہتمام سندھ میں 45 ہزار سے زائداساتذہ کی بھرتیوں کے لیے دوسرے دن بھی امتحان جاری رہا، پیر کے دن حیدرآباد میں تعلقہ لطیف آباد اور تعلقہ دیہی حیدرآباد کے امیدواروں کا ٹیسٹ تھا جس کا مرکز پبلک اسکول حیدرآباد کو بنایا گیا۔پیر کے دن ہونے والی بد مزگی کے باوجود ٹیسٹ لینے والی انتظامیہ نے کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی اور امیدواروں کو صبح ساڑھے 7 بجے پہنچنے کی ہدایت کی جبکہ امتحانی مرکز کا گیٹ بند رکھا گیا ۔شدید دھوپ و گرمی میں کئی خواتین امیدواروں کی حالت غیر ہو گئی۔ ساڑھے 9بجے گیٹ کھولا گیا اور11بجے امتحانی پرچہ امیدواروں کو فراہم کیا گیا۔منگل کو قاسم آباد تعلقہ اور حیدرآباد شہر کے امیدواروں کا ٹیسٹ تھا، آج ضلع دادو اور اس کے علاقوں خیر پور ناتھن شاہ اور جوہی کے امیدواروں کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔ میرپور خاص میں جے ای ایس ٹی اساتذہ کی بھرتی کے لئے دوسرے روز بھی پبلک اسکول میں ٹیسٹ لئے گئے جس میں چار ہزار سے زائد مرد و خواتین امیدواروں نے شرکت کی ، سینٹر میں شدید گرمی اور پنکھوں کی کمی کی وجہ سے امیدواروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شدید گرمی کے باعث کئی امیدواروں کی حالت غیر ہوگئی جنہیں وہاں موجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس اسٹاف نے طبی امداد فراہم کی۔امیدواروں نے کہا کہ ہمیں صبح ساڑھے سات بجے آنے کو کہا گیا جبکہ ٹیسٹ 11بجے شروع کیا گیا۔ لاڑکانہ میں محکمہ تعلیم میں جونیئر ایلیمینٹری اسکول ٹیچرز کی بھرتیوں کے لیے آئی بی اے سکھر کے زیر اہتمام دوسرے روز بھی تحریری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں لاڑکانہ کی دو تحصیلوں باقرانی اور رتوڈیرو سمیت جیکب آباد ضلع کی تحصیل ٹھل کے امیدواروں نے حصہ لیا، دوران ٹیسٹ ٹھنڈے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث امیدواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ٹیسٹ کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے صحافیوں کو بھی کوریج سے روک دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں