ٹھری میرواہ،فائرنگ وتشدد سے 5پولیس اہلکارزخمی

ٹھری میرواہ،فائرنگ وتشدد سے 5پولیس اہلکارزخمی

کنری میں دو افراد کرنٹ لگنے ،روہڑی میں ایک شخص حادثے میں جاں بحق

ٹھری میرواہ ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)ٹھری میر واہ کے علاقے بکھو لاشاری میں زمین کے تنازع پر سونیا، سومرا برادری کے تصادم کے بعد پولیس نے کارروائی کی تو گولیاں لگنے سے چار پولیس اہلکاروں سمیت سومرا اور سونیا برادری کے متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق مختلف مقدمات میں ملوث ملزمان کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی تو ملزمان اور ان کے سہولت کاروں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے ایک پولیس اہلکار گولیاں لگنے اور چار اہلکار یرغمال بناکر کیے جانے والے تشدد کے باعث زخمی ہوگئے جن میں سے ایک اہلکار کی حالت تشویش ناک ہے جسے سول اسپتال خیرپور منتقل کر دیا گیا۔ سرکاری گاڑیوں کے شیشے توڑنے ، پولیس پر فائرنگ اور تشدد کا مقدمہ 34 معلوم اور 50 نامعلوم افراد کے خلاف سرکاری مدعیت میں درج کیا گیاہے جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ کنری کے قریب دڑیلو موری کے گاؤں پیارو چانڈیو میں حیسکو سب ڈویژن نوکوٹ کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے زمین پر گری گیارہ ہزار وولٹ کی تاروں سے زرعی زمین پر کام کرنے کے دوران کرنٹ لگنے کے باعث دو افراد 35 سالہ عبدالطیف چانڈیو اور 50 سالہ محمد اشرف چانڈیو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، گاؤں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ تاریں 6 ماہ سے زمین پر گری ہوئی تھیں جن کی حیسکو نوکوٹ نے شکایات کے باوجود مرمت نہیں کی۔ روہڑی کے قریب قومی شاہراہ کلر گوٹھ کے مقام پر تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار سید امداد شاہ اور عطامحمدشاہ شدیدزخمی ہوگئے جن میں سے امداد شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ڈگری کے قریب دریا خان کلوئی میں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے موٹر سائیکل سوار احمد کلوئی زخمی ہوگیا ۔ ڈگری میں حیسکو اہلکار ٹنڈوباگو روڈ پر بجلی کے پول پر ٹرانسفارمر ٹھیک کرتے ہوئے پاؤں پھسلنے سے نیچے آگرا جسے فوری طور پر تعلقہ اسپتال ڈگری پہنچایا گیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں