کھجورپیداکرنے والے ممالک میں پاکستان پانچویں نمبر پر

کھجورپیداکرنے والے ممالک میں پاکستان پانچویں نمبر پر

سندھ کا مجموعی پیداوارمیں حصہ 60فیصد اوربلوچستان کا20فیصد ہے ،ڈاکٹرکامران عظیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دنیا بھر میں پاکستان کھجور پیدا کرنے والے ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے ، جہاں ہر سال تقریبا چھ لاکھ میٹرک ٹن کھجور کی پیداوار ہوتی ہے ۔ صوبہ سندھ میں ملک کی کل کھجور کی پیداوار کا 60 فیصد حصہ پیدا کیا جاتا ہے ۔ اس کے بعد بلوچستان کے اضلاع تربت اور پنجگور سے بیس فیصد پیداوار حاصل ہوتی ہے ۔ یہ بات ملک کے نامور اسکالر پروفیسر ڈاکٹر کامران عظیم کی جانب سے حال ہی میں ممتاز بین الاقوامی پبلشر اسپرنجر (Springer)کی جانب سے کھجور کی جینیاتی خصوصیات پر شائع ہونے والی کتاب میں پاکستانی کھجورکی خصوصیات پر لکھے جانے والے مضمون میں کہی گئی ہے ۔ ڈاکٹر کامران عظیم، محمد علی جناح یونیورسٹی میں پروفیسر اور ڈین ہیں۔ مذکورہ کتاب میں دنیا کے دس مختلف ممالک کے 30 نامور محققین کے مضامین شامل کئے گئے ہیں ۔ اس کتاب میں کھجور کی پیداوار میں اضافے ، کھجور کی نئی اقسام متعارف کرانے اور جدید زراعت میں کھجور کی فصل سے متعلق مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر کامران عظیم نے پاکستان میں پیدا کی جانے والی مختلف اقسام کی کھجوروں اور ان کی جینیاتی خصوصیات پر روشنی ڈالی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ خیرپور اور سکھر کے علاقوں میں سب سے زیادہ کھجور کی پیداوار ہوتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں