مچھر مار مہم شروع نہ ہوسکی، ڈینگی کے کیسز میں اضافہ

مچھر مار مہم شروع نہ ہوسکی، ڈینگی کے کیسز میں اضافہ

یکم جنوری تا 31اگست 1365 ڈینگی وائرس کے کیسز رجسٹرڈ کئے گئے،مچھر اور مکھیوں کی بہتات سے شہری دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا ہورہے ہیں

کراچی (رپورٹ: کفیل الدین فیضان )شہر میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لئے مچھر مار مہم کا آغاز تاحال نہیں کیا جاسکا ہے ،جس کے سبب ڈینگی وائرس کے کیسز میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈینگی وائرس کیسز میں اضافہ روکنے میں ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے شعبہ حشرات الارض کے اعدادو شمار کے مطابق یکم جنوری تا 31اگست تک صوبے میں 1365 ڈینگی وائرس کے کیسز رجسٹرڈ کئے گئے جن میں سے 1223 صرف کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مشترکہ اعداد و شمار کے مطابق ، ویکٹر بورن ڈیزیز ڈپارٹمنٹ نے صوبہ سندھ میں کل 1365 کیسز رجسٹرڈ کیے ہیں جن میں سے 120 جنوری میں ، فروری میں 64 ، مارچ میں 84 ، اپریل میں 161 ، مئی میں 189 ، جون میں 249 ، جولائی میں 189 ، اگست میں 281 اور 28 غیر متعین / غیر جوابی تھے ۔ سندھ میں کل 1336 کیسز میں سے 1223 اس سال کراچی میں رجسٹرڈ ہوئے ۔ضلع وسطی میں 317 ،ضلع شرقی میں 304 ،ضلع جنوبی میں 215 ،ضلع غربی میں 207 ، ضلع کورنگی میں 116 اور ضلع ملیر میں ڈینگی وائرس کے 52 کیسز ریکارڈ کیے گئے ۔ شہر میں مچھر اور مکھیوں کی بہتات ہوجانے کے باعث ڈینگی کے ساتھ ساتھ شہری دیگر بیماریوں میں بھی مبتلا ہورہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں