اساتذہ بھرتی ٹیسٹ ،دوسرے روز بھی بدانتظامی کی شکایات

اساتذہ بھرتی ٹیسٹ ،دوسرے روز بھی بدانتظامی کی شکایات

وقت مقرر نہ ہونے سے دوردراز علاقوں سے آنے والوں کو شدید مشکلات کاسامنا،پانی نہ ملنے اورپنکھوں کی کمی کے باعث امیدوارپریشان،ٹیسٹ پیپرریاضی میں غلطی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے 46ہزار اساتذہ کی بھرتیوں کے حوالے سے لیا جانے والے انٹری ٹیسٹ میں بد انتظامی دوسرے روز بھی عروج پر رہی ، وزیر تعلیم سندھ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی بی اے کے توسط سے ہونے والے اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے بہتر ماحول اور دیگر کسی بھی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا لیکن ٹیسٹ دینے والے افراد منگل کوسخت گرمی میں پریشانی کا شکار رہے ، ٹیسٹ پیپر میں ریاضی کے سوال میں غلطی بھی سامنے آئی ہے ۔ ایڈمٹ سلپس پر رپورٹنگ ٹائم صبح 7:30 کا دیا گیا ہے جبکہ دور دراز سے آنے والے امیدوار اس خوف سے 7 بجے ہی ٹیسٹ سینٹر پہنچ گئے تاہم ایس آئی بی اے IBA کے تحت ہونے والے اساتذہ بھرتی ٹیسٹ کیلئے وقت مقرر نہ ہونے سے دور دراز کے علاقوں سے جلدی پہنچ جانے والے امیدواروں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ان کے بعد دیگر امیدواروں کے آنے کا سلسلہ صبح 10 بجے تک جاری رہا اور ٹیسٹ کا آغاز تقریباً ساڑھے 10بجے ہوا۔ اس دوران شدید گرمی کے باعث امیدواروں کو پانی نہ ملنے اور پنکھوں کی کمی سے تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیسٹ پیپر میں ریاضی کا سوال نمبر 54غلط دیا گیا تھا۔ اس حوالے سے انتظامیہ نے سوال درست کرانے کیلئے اعلان کیا لیکن اعلان کردہ سوال بھی غلط لکھوایا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں