لیاری اور ریلوے کالونی میں دو افراد کی خودسوزی

لیاری اور ریلوے کالونی میں دو افراد کی خودسوزی

ناصر کی ذہنی حالت صحیح نہیں تھی ،بیماری سے تنگ آکر زندگی کا خاتمہ کرلیا،معاشی پریشانی سے تنگ آکر45سالہ عارف مسیح نے خود کو آگ لگالی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لیاری اور ریلوے کالونی میں دو افراد نے خود کو آگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ تھانے کی حدود بکرا پیڑی مندرہ محلہ میں مدینہ مسجد کے قریب واقع مکان میں ایک شخص نے خود کو آگ لگالی ۔وہاں موجود لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی اور اسے اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔مرنے والے کی شناخت ناصر ولد ابو بکر کے نام سے ہوئی، پولیس کے مطابق گھر والوں نے بیا ن دیا ہے کہ متوفی کی ذہنی حالت صحیح نہیں تھی اور علاج چل رہا تھا اور اپنی بیماری سے تنگ آکر اس نے خود سوزی کرلی ۔ میٹھا در تھانے کی حدود شاہین کمپلیکس کے قریب ریلوے کالونی میں واقع مکان میں رہائش پذیر 45 سالہ عارف مسیح ولد صادق مسیح نے خود کو آگ لگالی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اس نے راستے میں دم توڑ دیا۔ایس ایچ او راجہ ذوالفقار کے مطابق آنجہانی کے گھر والوں نے بیان دیا ہے کہ عارف ذہنی مریض تھا اور کافی عرصے سے اسکی طبعیت خراب تھی معاشی پریشانی اور علاج نہ ہونے سے اسکی حالت مزید خراب ہورہی تھی اور دلبرداشتہ ہو کر اس نے خودسوزی کرلی ۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیاگیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں