پی ای سی ایچ ایس میں فٹ پاتھ سے قبضہ ختم کرانے کا حکم

پی ای سی ایچ ایس میں فٹ پاتھ سے قبضہ ختم کرانے کا حکم

قبضہ ختم کرنے میں جواخراجات آئیں قابضین سے وصول کیے جائیں،عدالت

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے پی ای سی ایچ بلاک 6 میں فٹ پاتھ پر قبضے کیخلاف درخواست پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) حکام کو فوری قبضہ ختم کرانے کا حکم دیدیا۔ جمعرات کو جسٹس عرفان سعادت خان کی سربراہی میں جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل بینچ نے پی ای سی ایچ بلاک 6 میں فٹ پاتھ پر قبضے کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کی ۔ عدالت نے ریمارکس دیے سمجھ نہیں آتی متعلقہ ادارے غیر قانونی تعمیرات اور قبضے کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے ؟ جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس میں کہا کہ لوگ مایوس ہوکر دادرسی کے لیے سندھ ہائیکورٹ آتے ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ کے ایم سی حکام جائیں اور فوری قبضہ ختم کرائیں۔ قبضہ ختم کرنے میں جو بھی اخراجات آئیں، وہ قابضین سے وصول کیے جائیں۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے محمود آباد نالہ آپریشن میں لیز مکانات توڑنے کیخلاف دائر درخواست پر چیف سیکریٹری، میونسپل کمشنر، کمشنر کراچی سے جواب طلب کرلیا۔ مزید برآں سندھ ہائیکورٹ نے ماڈل کالونی میں بااثر افراد کی جانب سے گلی پر قبضے سے متعلق معمر خاتون کی درخواست پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے بھی جواب طلب کرلیا۔ فاضل عدالت نے گلی پر مبینہ قبضے سے متعلق انسپکشن کرنے کا حکم دے دیا۔ وکیل کی جانب سے گلی پر مبینہ قبضے پر عدالت حیران ہوگئی، جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیے ایک وقت تھا سنا تھا سیاسی جماعت کا جھنڈا لگا کر کچھ بھی کرلو، اب یہ ہو رہا ہے ۔ وکیل کا بورڈ لگاؤ اور کچھ بھی کر لو۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں