سندھ سرکار عوام کا خون چوس رہی ہے ،جے یو آئی

سندھ سرکار عوام کا خون چوس رہی ہے ،جے یو آئی

حکمرانوں کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ،راشدسومرو،ضلع غربی اور کیماڑی میں تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے انتخابات کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ قوم کو خوشنما نعروں کے پیچھے لگاکر مسائل کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے ، حکمرانوں کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے کراچی میں موجود اراکین مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں اراکین عاملہ مولانا عبد الکریم عابد، محمد اسلم غوری ، مولانا محمد غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی ، امین اللہ ودیگر شریک ہوئے ۔ علامہ راشد محمود سومرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سرکار صوبے کو اپنی ملکیت سمجھ کر عوام کا خون چوس رہی ہے ، ایکسپو سینٹر کراچی میں اپنی جانوں پر کھیل کر کورونا ویکسی نیشن کرنے والا عملہ گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہے ، ملازمین کو فی الفور تنخواہیں ادا کی جائیں ، صوبے کے تمام اسپتال تباہی کے دہانے پر ہیں ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ضلع غربی کی جغرافیائی حدود میں رد وبدل اور نئے ضلع کیماڑی بننے پر دونوں اضلاع میں از سرنو تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے انتخابات منعقد کیے جائیں گے ۔ دونوں اضلاع میں الیکشن 4 اور 5اکتوبر کو منعقد ہوں ، اراکین مجلس عمومی کو جلد ہی دعوت نامے جاری کردیئے جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں