بلدیاتی افسران و ملازمین کارکردگی بہتربنائیں ،ایڈمنسٹریٹر

بلدیاتی افسران و ملازمین کارکردگی بہتربنائیں ،ایڈمنسٹریٹر

خدمات کی بہتر ادائیگی یقینی بنانے سے شہریوں کا اعتماد بحال ہوگا،مرتضیٰ وہاب،یونین عہدیداران کی ملاقات،یونیسیف کے نمائندوں کے ساتھ بھی اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی افسران و ملازمین اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں اور شہری خدمات کی ہرممکن بہتر ادائیگی کو یقینی بنائیں، ادارے کی کارکردگی بہتر ہونے سے ملازمین کے مسائل بھی ازخود حل ہوں گے اور شہریوں کا اعتماد بحال ہوگا۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں میونسپل ورکرزٹریڈ یونین الائنس کے عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی افضل زیدی، میونسپل ورکرزٹریڈ یونین الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ، کنوینر کے ایم سی ریٹائرڈ ایمپلائز کمیٹی ڈاکٹر سعید اختر، امیر حیدراور دیگر ممبران بھی موجود تھے ، اجلاس کے دوران میونسپل ورکرز ٹریڈ یونین الائنس کی طرف سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں اور ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کی درخواست کی گئی ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے انہیں یقین دلایا کہ ان تمام مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور ہر ممکن کوشش ہوگی کہ ان مسائل کو جلد از جلد حل کیا جاسکے ۔علاوہ ازیں یونیسیف کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کے موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہریوں سے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے جاری مہم کو کامیاب بنائیں اور اپنی آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں، ہمیں ایک روشن اور بہتر مستقبل کے لئے اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ اور توانا بنانا ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں