امن وامان کی بہتری کیلئے اقدامات جاری،ڈی جی رینجرز

امن وامان کی بہتری کیلئے اقدامات جاری،ڈی جی رینجرز

دہشتگردی،بھتہ خوری میں کمی سے شہر میں معا شی استحکام آیا ،افتخارحسن چودھری،ڈی جی رینجرزسندھ کاکراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ،پرتپاک استقبال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز (سندھ)میجر جنرل افتخار حسن چودھری نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکا دورہ کیا اور ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملا قات کی۔ اس موقع پرچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر محمد شارق وہرا، چیئرمین زبیر موتی والا اور ممبران نے ڈی جی رینجرز (سندھ) کا چیمبر آف کامرس آمد پر استقبال کیا اور اپنے ابتدا ئیہ کلمات میں سندھ بالخصوص کراچی میں امن قائم کر نے پر تمام قا نون نافذ کر نے والے اداروں کی کاوشوں اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے ایسو سی ایشن کے شرکا سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی کے باعث معا شی استحکام پیدا ہوا ہے جس سے صنعت کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔ اس ضمن میں پا کستانی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے قا نون نافذ کر نے والے ادارے امن و امان کی صورتحال کی مزید بہتری کے لیے مو ثر اقدامات کر رہے ہیں۔ ڈی جی رینجرز نے مزید کہا کہ کراچی میں قائم ہو نے والا امن کراچی کے عوام اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں اور قربانیوں کی مرہون منت ہے ۔ اس مو قع پر انڈسٹریز کے شرکا نے کراچی میں امن و امان کی بحالی کے سلسلے میں قانون نافذ کر نے والے اداروں کی خدمات کو سراہا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں