اسمگل سامان کی فروخت روکنے کیلئے آپریشن کا فیصلہ

اسمگل سامان کی فروخت روکنے کیلئے آپریشن کا فیصلہ

اہم بازاروں ، اسمگلنگ کا سامان منتقل کرنے والے بڑے ڈیلروں کی فہرست مرتب ، بڑے بیوپاریوں اور سپر اسٹورز کی نشاندہی کرلی گئی ،مقدمات کااندراج بھی ہوگا،شہرکے داخلی راستوں پر چیک پوائنٹس بھی بنائی جائینگی،اسمگل کاسامان فروخت کرنے والوں سے ٹیکس وصولی ہوگی،کسٹم، پولیس ،رینجرزودیگراداروں کااجلاس

کراچی (رپورٹ:نادر خان) اسمگلنگ کے سامان کی مقامی مارکیٹ میں فروخت کو روکنے کے لئے آپریشن کا فیصلہ ، کسٹم پریوینٹو ،کراچی پولیس ، رینجرز اور دیگر حساس اداروں کے مشترکہ اجلاس میں اہم بازاروں ، اسمگلنگ کا سامان منتقل کرنے والے بڑے ڈیلروں کی بھی فہرست مرتب کرلی گئی، بڑے بیوپاریوں اور سپر اسٹورز کی نشاندہی کرلی گئی ، اسمگلنگ کا سامان فروخت کرنے والے تاجروں سے ٹیکس وصولی کی جائے گی ،مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسمگلنگ کے سامان کی مقامی مارکیٹوں میں فروخت کے عمل کو روکنے کے لئے کسٹم ہاؤس کراچی میں ماڈل کسٹم کلکٹریٹ انفورسمنٹ ،کراچی پولیس ،رینجرز اور دیگر حساس اداروں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی کے داخلی راستوں پر مشترکہ چیک پوائنٹس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اسمگلنگ کے سامان کی ملک بھر میں ترسیل کے لئے کراچی کے مختلف راستوں کو استعمال کیا جاتا ہے جبکہ 75فیصد سے زائد اسمگلنگ کے سامان کی فروخت کراچی کے بازاروں میں ہی ہوجاتی ہے جس کے لئے سی پورٹ سے نکلنے والے کنٹینرز کو کبھی ناردرن بائی پاس ، سپرہائی وے پر موجود گوداموں میں خالی کر کے سامان کو کراچی کی مارکٹیوں میں منتقل کردیا جاتا ہے اور کبھی افغانستان جانے والے کنٹینر کو دیگر خفیہ راستوں سے پاکستان میں داخل کر کے کراچی منتقل کردیا جاتاہے ۔ اس حوالے سے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں قائم 40کے قریب اہم مارکٹیوں ، درجن سے زائد سپر اسٹورز اور ان کی شاخوں میں کاؤنٹر پرموجود سامان کے ریکارڈ کو بھی چیک کیا جائے گا جس کے لئے مقامی سطح پر علاقائی پولیس ،رینجرز کی بھی مدد لی جائے گی اور ان مارکیٹوں اور سپراسٹورز پر فروخت ہونے والے اسمگلنگ کے سامان کی ضبطگی پر سپراسٹورز اور دکان مالکان سے ٹیکس وصولی کی جائے گی اور سامان کو بحق سرکار ضبط کرلیا جائے گا جبکہ بعض ممنوعہ سامان کی فروخت پر ایسے دکانداروں اور سپرا سٹورز کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم ،پولیس ،رینجرز پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم بھی تشکیل دی جاچکی ہے، یہ ٹیم کسٹم کی نگرانی میں کام کرے گی اور اس کی رپورٹ بھی کسٹم انفورسمنٹ میں کی جائے گی جس پر مشترکہ حکمت عملی کے تحت فیصلہ کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں