تیز رفتارڈمپر نے موٹرسائیکل کو رونددیا،لڑکا جاں بحق

تیز رفتارڈمپر نے موٹرسائیکل کو رونددیا،لڑکا جاں بحق

حادثے میں ایک زخمی،جناح اسپتال کے سامنے راہگیر چل بسا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سمندر سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی پل کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار دو دوستوں کو کچل دیا حادثے میں ایک لڑکا جاں بحق جبکہ اس کا دوست زخمی ہوگیا۔ جاں بحق لڑکے کی شناخت 16سالہ عثمان ولد نذیر اور زخمی کی 20سالہ عطاالرحمٰن ولد یاسین کے نام سے ہوئی۔ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق متوفی اور مضروب آپس میں دوست تھے اور طالبعلم تھے ۔ صدر تھانے کی حدود جناح اسپتال مین گیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق متوفی پیدل جارہا تھا اور اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت میں مد مل سکے ۔ ساحل تھانے کی حدود کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سمندر سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش برآمد ہوئی،لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی اور ضابطے کی کارروائی اور ورثا شناخت کے لیے لاش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں