کھارادر میں پرائیویٹ پبلک سیل پروجیکٹ غیرقانونی قرار

کھارادر میں پرائیویٹ پبلک سیل پروجیکٹ غیرقانونی قرار

متعلقہ بلڈرز کو انتباہی نوٹسز جاری ،تعمیراتی امور پر بھی پابندی عائد

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )نے کھارادر کے علاقے میں واقع پرائیویٹ پبلک سیل پروجیکٹ ’’زہرہ موبائل مال /مارکیٹ ‘‘میں ہرقسم کی خریدوفروخت اوربکنگ وغیرہ کو غیرقانونی قرار دیاہے ،ایس بی سی اے نے واضح کیا ہے کہ پروجیکٹ زہرہ موبائل /مارکیٹ واقع پلاٹ نمبر 60، شیٹ نمبر GK-07 غلام حسین قاسم کوارٹرز باغ زہرہ جیلانی سینٹر کھارادر کراچی میں این او سی برائے تشہیروفروخت کے بغیر دکانوں/ یونٹس کی خریدوفروخت ،بکنگ وغیرہ اور جاری تشہیری مہم غیرقانونی اور تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ اس سلسلے میں ایس بی سی اے نے پروجیکٹ کے متعلقہ بلڈرز کو انتباہی نوٹسز جاری اور تمام تعمیراتی امور پر بھی پابندی عائد کردی ہے جبکہ اس ضمن میں عوام الناس کوبھی متنبہ کیاہے کہ مذکورہ پروجیکٹس میں کسی قسم کی سرمایہ کاری نہ کی جائے بصورت دیگر اپنے نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے ۔مزید برآں ایس بی سی اے نے شہریوں سے ان کے اپنے مفاد میں درخواست کی ہے کہ کسی بھی پروجیکٹ میں پلاٹ، فلیٹ، بنگلوز،دکان /یونٹ کے زمرے میں سرمایہ کاری یا بکنگ وغیرہ سے قبل ایس بی سی اے سے اس پروجیکٹ کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں اور خریداری وبکنگ کامعاہدہ ایس بی سی اے کے ماڈل ایگریمنٹ پرہی کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں