صنعتی حادثات سے اداروں کی غفلت ظاہر ہوگئی،حبیب جنیدی

صنعتی حادثات سے اداروں کی غفلت ظاہر ہوگئی،حبیب جنیدی

حفاظتی قوانین نظر انداز کرکے انسانی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے ،صدر پیپلز لیبر بیورو،بیٹری کے گودام میں آتشزدگی سے جھلس کر مزدور کی شہادت پر شدید رنج والم کا اظہار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزلیبر بیورو سندھ کے صدر،سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے گزشتہ روز ناردرن بائی پاس کراچی میں واقعہ بیٹری کے گودام میں آتشزدگی سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے مزدور کی شہادت پر شدید رنج والم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پے درپے وقوع پذیر ہونے والے المناک صنعتی حادثات نے صنعتوں کے مالکان اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے سرکاری و ریاستی اداروں کی انتظامی صلاحیتوں اور مجرمانہ غفلت کا پردہ چاک کرکے رکھ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی دو تین ہفتہ قبل ہی مہران ٹاؤن کورنگی میں واقعہ فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجہ میں شہید ہونے والے 17مزدوروں کی یاد دل سے محو بھی نہیں ہوئی تھی کہ ایک اور دلدوز واقعہ بیٹری گودام میں پیش آگیا ۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ یہ انسانیت سوز واقعات اس حقیقت کو ثابت کررہے ہیں کہ صنعتی و تجارتی اداروں کے کارکنوں کی جان اور اُن کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے بنائے گئے حفاظتی قوانین پر عملدرآمد نہیں کیا جاتابلکہ انہیں سراسر نظر انداز کرکے انسانی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے ۔سینئر مزدور رہنما نے ایک مرتبہ پھر اپنے اس مطالبہ کو دُہرایا کہ قانون کی رٹ قائم کرنے کے لئے فوری طور پر ایک اعلیٰ اختیارتی کمیٹی قائم کی جائے جو پورے صوبہ میں واقع کارخانوں اور کام کرنے کی جگہوں کا دورہ اور اس امر کا تعین کرے کہ مزدور قوانین کی خلاف ورزی میں کون کون سے صنعتی و حکومتی ادارے ملوث ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں