پولیو مہم میں وٹامن اے کے قطرے بھی دیے جائیں گے

پولیو مہم میں وٹامن اے کے قطرے بھی دیے جائیں گے

صوبے کے 30اضلاع میں 94لاکھ بچوں کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلائیں جائینگے،پیر سے شروع ہونے والی سات روزہ مہم میں74435پولیو ورکرزحصہ لیں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں پیر سے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے 7 روزہ مہم میں صوبے کے 30 اضلاع میں 94 لاکھ بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ پولیو مہم کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور قائم مقام چیف سیکریٹری سندھ قاضی شاہد پرویز کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسدادِ پولیو کا اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پی پی ایچ آئی، ڈبلیو ایچ او، ای او سی کے نمائندے اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے کے 30 اضلاع میں متعلقہ حکام نے پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد کئے ہیں اور پولیو ورکرز کی ٹریننگ مکمل کی گئی ہے ۔ پولیو ورکرز کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ماسک، پی پی ایز اور ضروری سہولیات دی گئی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 74435 پولیو ورکرز مہم کا حصہ ہوں گے۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پولیو مہم میں پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پولیو مہم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر منفی خبروں پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے ، سوشل موبلائیزرز اور انفلیوئنسرز کے کردار کو مزید موثر بنایا جائے تا کہ انکاری والدین کو آمادہ کیا جا سکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں