عہدوں کی جنگ شروع ،جامعہ اردومیں انتظامی بحران

عہدوں کی جنگ شروع ،جامعہ اردومیں انتظامی بحران

مستقل شیخ الجامعہ کے باوجود ڈپٹی چیئر سینیٹ قائم مقام وائس چانسلر بن گئے،یونیورسٹی کے دو اسسٹنٹ پروفیسرز قائم مقام رجسٹرار کے دعویدار نکل آئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی میں عہدوں کی جنگ شروع ہوگئی جس کے سبب یونیورسٹی میں انتظامی بحران پیدا ہو گیا ہے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے وفاقی اردو یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کردی گئی ہے ،لیکن مستقل وائس چانسلر تعیناتی کے باوجود ڈپٹی چیئر سینیٹ نے قائم مقام وائس چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا ہے ۔ گزشتہ روز ڈپٹی چیئرمین کو قائم مقام وائس چانسلر تعینات کرانے کے لیے اجلاس ایمرجنسی کمیٹی طلب کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہی وقت میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے دو اسسٹنٹ پروفیسرز قائم مقام رجسٹرار کے دعویدار نکل آئے ہیں۔اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد صارم مدت پوری کر کے جانے والی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق کا فیصلہ ماننے سے انکاری نکلے ،گزشتہ شب مدت پوری کر کے جانے والی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صارم کی جگہ اسسٹنٹ پروفیسر محمد صدیق کی رجسٹرار تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد صارم نے رجسٹرار کا عہدہ چھوڑنے کے بجائے دفتر کو تالے لگا دیے ۔اس حوالے سے نئے تعینات قائم مقام رجسٹرار اسسٹنٹ پروفیسر محمد صدیقی نے سابقہ قائم مقام رجسٹرار اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صارم کو خط لکھا ہے ۔خط کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ آپ نے چارج چھوڑنے کے بجائے تالے لگا کر دفتر سیل کر دیا ہے ، یہ عمل کارسرکار میں مداخلت کے زمرے میں آتا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں