ملیر میں غیر قانونی عمارتوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

ملیر میں غیر قانونی عمارتوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

ایس بی سی اے ،ریونیو افسران اور پولیس اہلکارمشترکہ آپریشن کریں گے،مخدوش عمارتوں کا سروے ایک ہفتے میں کرلیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر گھنور لغاری

کراچی (رپورٹ :آغا طارق)ملیر میں غیر قانونی عمارتوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے )،محکمہ ریونیو کے افسران اور پولیس اہلکارغیر قانونی عمارتوں اور تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کریں گے ۔ اگلے ہفتے سے ضلع ملیر کے تمام سب ڈویژن میں آپریشن کا آغاز کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیر گھنور علی لغاری کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں ایس بی سی اے ملیر کے ڈائریکٹر ، ملیر کی تمام سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز اور اور ملیر پولیس کے تمام ڈی ایس پیز نے شر کت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع ملیر میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی رولز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جائے گا اور تمام غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کیا جائے گا ۔ جس کے لیے ایس بی سی اے ٹیم کے ساتھ علاقے کا اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی بھی ہوں گے جبکہ تمام آپریشن کی براہ راست نگرانی ڈپٹی کمشنر ملیر خود کریں گے ۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر ملیر گھنور علی لغاری نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایت کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ،جو مخدوش عمارتیں ہیں انہیں بھی مسمار کردیا جائے گا ۔ ایسی عمارتوں کا ایک ہفتے کے اندر سروے مکمل کرلیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں