حیدرآبادمیں حیسکوکے ستائے شہری سڑکوں پر آگئے

حیدرآبادمیں حیسکوکے ستائے شہری سڑکوں پر آگئے

روہڑی میں سیپکونے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ غیرقانونی کنکشن کاٹ دیے

حیدرآباد،روہڑی(نمائندگان دنیا)ممتاز کالونی کچا قلعہ کے مکین 3روز سے ٹرانسفارمرز خراب ہونے کے باعث شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے کے سبب مشتعل ہوکر سڑکوں پر نکل آئے اورانہوں نے ہل ٹاپ چاڑی پر رکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں وہاں ٹریفک معطل ہوگئی ،مظاہرین حیسکو کے کرپٹ افسران اور عملے کیخلاف نعرے لگارہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمر خراب ہوئے تین روز ہوگئے ہیں اورحیسکو کے متعلقہ افسران مرمت یا تبدیلی کیلئے بھاری رقم مانگ رہے ہیں ۔ وزیر اعظم اور وزیر توانائی حیسکو انتظامیہ کی کرپشن اور نا اہلی کا نوٹس لے کر اس کیخلاف کارروائی کریں۔ روہڑی سے نمائندے کے مطابق دو روز قبل غیر قانونی کنڈوں کے خلاف کارروائی کے دوران سیپکو ٹیم پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کے واقعے کے بعد اسی علاقے میں سیپکو ٹیم نے بھاری پولیس نفری اور عملے کے ہمراہ آپریشن کرکے بجلی کے کھمبے اکھاڑ کر گیارہ ہزار وولٹ کی سیکڑوں میٹر تاریں کاٹ کر تحویل میں لے لیں ۔واضح رہے کہ سیپکو ٹیم پر حملے کا تاحال دبر تھانے میں مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں