سیاحت کے فروغ سے معیشت مضبوط ہوگی،گورنر

سیاحت کے فروغ سے معیشت مضبوط ہوگی،گورنر

وائس ایڈمرل زاہدالیاس کی عمران اسماعیل سے ملاقات،ساحلی سیاحت کے فروغ پرگفتگو،کسی جسمانی معذوری کے باعث تعلیم سے محروم کیا جانا سنگین ناانصافی ہے ،گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کمانڈر کوسٹ ، وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے گورنر ہاؤ س میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کریک/ساحلی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات ، چرنا آئی لینڈ میں بوٹنگ اور ڈائیونگ/سوئمنگ کی سہولتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بحری جہازوں کی تعمیر اور سمندری شعبے کی صلاحیت کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ گورنر سندھ نے اس موقع پرکہا کہ ہمیں سیاحت سے قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد ملتی ہے اور ملک کی بہتر معیشت کے ساتھ مختلف قوموں کے درمیان روابط کے فروغ کا بھی باعث ہے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ متعدد مقامی لوگوں کے لیے کاروبار اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔علاوہ ازیں گورنر عمران اسماعیل سے رونق لاکھانی کی قیادت میں 5 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے گورنر کو بینائی سے محروم طلبا کی تعلیم کے لیے بولتے حروف منصوبوں پر پریزنٹیشن کے ذریعے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تعلیم ہر شخص کا بنیادی حق ہے اور کسی جسمانی معذوری کی وجہ سے اس سے محروم کیا جانا ایک سنگین ناانصافی ہے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان میں تنظیمیں معذور افراد کی سماجی شمولیت کی محرومی کو ختم کرنے کے لیے جدید اور حوصلہ افزا کاوشوں میں مصروف عمل ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں