توہین عدالت کی درخواست پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو نوٹس، این جی او کا 3 سالہ آڈٹ طلب

توہین عدالت کی درخواست پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو نوٹس، این جی او کا 3 سالہ آڈٹ طلب

لینڈ مافیا متعلقہ حکام سے ساز باز کرکے سٹرکوں پر تجاوزات قائم کر رہا ہے ،درخواست گزار،این جی اوز کس طرح چل رہی ہیں، سب معلوم ہے ،جسٹس عرفان سعادت کے ریمارکس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان پوسٹ آفس ہاؤسنگ سوسائٹی میں سٹرک پر تجاوزات سے متعلق ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے)، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو نوٹس جاری کردیے ۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار غیر سرکاری تنظیم ( این جی او) چیک اینڈ واچ انوائرمنٹل فاؤنڈیشن کا 3 سالہ آڈٹ طلب کرلیا ہے ۔جمعہ کو جسٹس عرفان سعادت خان کی سربراہی میں جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل دو رکنی بینچ نے این جی او چیک اینڈ واچ انوائرمنٹل فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈی جی کے ڈی اے ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کیخلاف توہین عدالت کی دائر درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیاکہ پاکستان پوسٹ آفس ہاؤسنگ سوسائٹی میں سٹرکوں کو بھی نہیں چھوڑا جا رہا، لینڈ مافیا متعلقہ حکام سے ساز باز کرکے سٹرکوں پر تجاوزات قائم کر رہا ہے ، 2018 میں عدالتی فیصلہ آچکا مگر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ دوران سماعت جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیئے این جی اوز کس طرح چل رہی ہیں، سب معلوم ہے ۔ این جی اوز کے بارے میں سب کو معلوم ہے ۔ عدالت نے درخواستگزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ نے 5 سال میں کون سے سماجی کام کیے ، تفصیلات جمع کرائیں۔ عدالت نے تنبیہ کی جب تک آپ تفصیلات جمع نہیں کراتے کیس نہیں سنیں گے ۔عدالت نے ماسٹر پلان ڈپارٹمنٹ سے لے آؤٹ پلان بھی طلب کرلیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں