ہمیں اپنی زبان اردو کو اہمیت دینا ہو گی، گورنرسندھ

ہمیں اپنی زبان اردو کو اہمیت دینا ہو گی، گورنرسندھ

تعلیم یافتہ ہونے کا معیار انگریزی، یہ نہیں دیکھتے کس نے کتنی تعلیم حاصل کی، عمران اسماعیل،اسرا یونیورسٹی کراچی کیمپس کے کانووکیشن سے خطاب، طلبہ و طالبات میں میڈل تقسیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسرا یونیورسٹی کراچی کیمپس کا چھٹا سالانہ کانووکیشن منعقد ہوا، جس میں گورنرسندھ عمران اسماعیل نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانووکیشن میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر نذیر اشرف لغاری، بورڈ آف ڈائریکٹرز فیکلٹی، ممبران، کامیاب امیدوار اور ان کے والدین بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر مختلف مضامین میں کامیاب 203 طلباکواسناد دی گئیں، اسناد سے پہلے طلبا سے حلف بھی لیاگیا۔ تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتا ہوں فارغ التحصیل طلباملک و قوم کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے اوراپنی زندگی کو بامقصد بنائیں گے، طلبہ و طالبات اپنے مقصدکا تعین کریں اور مقصد کے حصول کے لئے مزید محنت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں تعلیم یافتہ ہونے کا معیار انگریزی بولنے پر ہے، ہم یہ نہیں دیکھتے کہ کس نے کتنی تعلیم حاصل کی ہے، ترقی یافتہ ممالک فرانس اور جرمنی میں انگریزی نہیں بولی جاتی، ہمیں اپنی زبان اردو کواہمیت دینا ہوگی، ملکی ترقی میں اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کی خدمات کی بھی ضرورت ہے ، نوجوان وفاقی حکومت کی کامیاب نوجوان اسکیم سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔گورنر سندھ نے کامیاب کانووکیشن پر چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ قاضی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نذیر اشرف لغاری کو مبارکباد بھی دی۔ گورنر سندھ نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں سونے، چاندی اورکانسی کے میڈل تقسیم کئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں