صفائی کے عالمی دن پر رائز مہم کے تحت آگاہی واک کا انعقاد

صفائی کے عالمی دن پر رائز مہم کے تحت آگاہی واک کا انعقاد

شہر کی صفائی بنیادی فریضہ، شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، زبیر چنہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے پروجیکٹ رائز مہم کے تحت 18 ستمبر، ورلڈ کلین اپ ڈے کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کی سربراہی ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، عامر اورعلی اصغر خادم نے کی، جبکہ اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر جنوبی غلام عباس منگریو، چائنیزکمپنی کے عہدیداران اور داؤدی بوہرہ کمیونٹی نظافت آرگنائزیشن کے دیگر ممبران و علاقہ معززین بھی موجود تھے۔ واک حقانی چوک سے عیسیٰ مسجد تک کی گئی۔ اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ بورڈ زبیر چنہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہر کی صفائی ہمارابنیادی فریضہ ہے، شہریوں سے اپیل ہے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، شہر صاف ہو گا تو ماحول بھی صاف رہے گا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق نظامانی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ واک کا مقصد شعور بیدار کرنا ہے کہ ہم کس طرح اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھ سکتے ہیں۔ علی اصغر خادم ریجنل کوآرڈی نیٹر نظافت نے کہا کہ ہماری آرگنائزیشن شہر کی صفائی اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کے سلسلے میں آگاہی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں