ذوالفقار آباد ٹرمینل جلد سوفیصد فعال کیا جائے ، مرتضیٰ وہاب

ذوالفقار آباد ٹرمینل جلد سوفیصد فعال کیا جائے ، مرتضیٰ وہاب

ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے ، دورے پر ہدایات، مفتی منیب الرحمن سے بھی ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا دورہ اور آئل ٹینکر ڈرائیورز و دیگر اسٹاف کی سہولت کے لئے کینٹین کا افتتاح کیا۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے سے آئل ٹرمینل تک زیر تعمیر سڑک کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ٹرمینل پر ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا اور افسران کو جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع میونسپل کمشنر ، پی ڈی ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل و دیگر نے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ذوالفقار آباد ٹرمینل کو جتنا جلدی ممکن ہو سکے سو فیصد فعال کیا جائے، ٹرمینل فعال ہونے سے شہر میں ٹریفک جام کے مسائل پر بڑی حد تک قابو پایا جا سکے گا۔ مرتضیٰ وہاب نے آئل ٹینکر ٹرانسپورٹ تنظیموں کے سربراہان سے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں مرتضیٰ وہاب نے جامع مسجد نعیمی میں مفتی منیب الرحمن سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں