مختلف حادثات میں دو افراد ہلاک،دونے خودکشی کرلی
حادثات لاڑکانہ اور پنگریو میں ہوئے ،جھڈو میں خاتون نے گھرکے سامنے خودکشی کی
لاڑکانہ،اندرون سندھ(بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا ) لاڑکانہ کے قریب انڈس ہائی وے پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے60سالہ منظور شیخ، نذیر چانڈیو اور کار ڈرائیور امان اللہ سانگی شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیاجہاں منظور شیخ دم توڑگیا ۔دریں اثنا لاڑکانہ شہر کی سہیل کالونی میں پھل فروش نوجوان عطااللہ تونیو نے گھر والوں سے ناراض ہوکر چھت کے پنکھے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ۔پنگریوکے نواحی گائوں عبداللطیف کھوسو کارہائشی شخص آصف علی کھوسو گھگھرپھاٹک کے قریب ٹرین کی ٹکرسے جاں بحق ہوگیا ۔آصف علی کھوسومحنت مزدوری کے لیے کراچی گیاتھا جہاں سے اس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے گائوں لائی گئی۔ متوفی نے پسماندگان میں آٹھ بچے اوربیوہ سوگوارچھوڑے ہیں ۔جھڈو کے نزدیکی گاؤں قیصر لغاری کے رہائشی کیشو کولہی کی 60 سالہ بیوی پارساں نے مبینہ طور پر گھر کے باہر لگے ہوئے درخت میں دوپٹہ باندھ کر خودکشی کرلی بتایا جاتا ہے کہ عورت کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ حیدرآباد کے علاقے میں دو نامعلوم افراد کی لاشیں ملیں جسکے بعد بھٹائی نگر تھانے کی پولیس نے ایدھی رضاکاروں کی مدد سے لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا ۔پولیس کے مطابق دونوں افراد نشئی لگتے ہیں جو نشہ نہ ملنے کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ہیں۔