اسلام کے ضابطے عورت کی حفاظت کی ضمانت، حجاب کانفرنس
نصاب تعلیم اور میڈیا کے ذریعے اسلامی اصول و ضوابط کا شعور عام کیا جائے،بدسلوکی واقعات روکنے کیلئے قوانین کا شعور عام کیا جائے ،مشترکہ اعلامیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی خواتین کے تحت ’’تہذیب ہے حجاب‘‘ کے موضوع پر مقامی ہوٹل میں جنرل سیکریٹری حلقہ خواتین پاکستان دردانہ صدیقی کی زیر صدارت کانفرنس منعقد ہوئی۔ پروگرام کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق حجاب کا تصور ایک پوری تہذیب کی نمائندگی کرتا ہے ، اسلام کے احکامِ حجاب کی مخاطب صرف عورت نہیں معاشرے کا ہر فرد ہے، اسلام کے دیے ہوئے ضابطے عورت کی حفاظت کی واحد ضمانت ہیں، معاشرے میں عورت کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، محرم رشتوں کی پامالی کی خبریں بھی آرہی ہیں، خاندان کا ادارہ شکست وریخت کا شکار ہے جس کی بنیادی وجہ معاشرے میں حیا اور حجابی رویوں سے اجتناب اور تقویٰ سے دوری ہے، آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم اللہ کے دیے ہوئے نظام عفت و عصمت کی طرف واپس پلٹیں کیونکہ اسلامی تہذیب ہی اس بات کی ضمانت ہے کہ ایک عورت صنعا سے حضر موت تک تنہا سفر کرے گی اور اسے کسی کا خوف نہ ہوگا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ نصاب تعلیم اور میڈیا کے ذریعے دونوں اصناف کے لیے اسلام کے دیے ہوئے اصول و ضوابط کا شعور معاشرے میں عام کیا جائے، اس کے ساتھ خواتین سے بدسلوکی کو روکنے کے لیے موجودہ قوانین کا شعور عام کیا جائے اور آئین کے مطابق مزید قانون سازی بھی کی جائے۔