پچپن روز بعد عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کھل گیا

پچپن روز بعد عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کھل گیا

اطلاع ملتے ہی زائرین کی بڑی تعداد مزار پر پہنچ گئی، بڑے پیمانے پر نیاز تقسیم ،رش پر قابو پانے کیلئے اضافی پولیس طلب،مصری شاہ، نور شاہ کے مزارات بھی کھل گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں واقع سید عبداللہ شاہ غازیؒ، سید مصری شاہؒ اور سید نور علی شاہؒ کے مزارات کھول دیے گئے۔ کلفٹن پر واقع سید عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار 55 روز کی طویل بندش کے بعد جیسے ہی زائرین کیلئے کھلا اطلاع ملتے ہی ہزاروں شہری مزار پر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح سید عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کھولنے کی اطلاع ملتے ہی کراچی کے شہری بڑی تعداد میں مزار پر پہنچ گئے، جہاں رش کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری منگوانا پڑی۔ اس دوران بڑے پیمانے پر نیاز بھی تقسیم کی گئی۔ حکومت سند ھ کی جانب سے کورونا ایس او پیز کے تحت صوبہ بھر میں صرف محکمہ اوقاف کے زیر انتظام 98 مزارات کو 26 جولائی کو بند کر دیا گیا تھا۔ اس دوران حکومت سندھ نے عرس کے انعقاد کی اجازت دی نہ ہی زائرین کی مزارات تک رسائی کو ممکن بنایا۔ حکومت سندھ نے 15 روز قبل کراچی اور حیدر آباد کے علاوہ سندھ بھر کے مزارارت کھولنے کی ہدایت کی تھی، تاہم 15 ستمبر کو کراچی اور حیدر آباد کے مزارارت متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے کھولنے کا حکم دیا گیا، اس کے باوجود مزارارت 4 روز کی تاخیر سے کھولے گئے۔ اتوار کے روز کراچی میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام 28 میں سے صرف 3 مزارات درگاہ سید عبداللہ شاہ غازیؒ، درگاہ سید مصری شاہؒ اور درگاہ سید نور علی شاہؒ تین ہٹی کو کھولا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں