اپوزیشن پروپیگنڈاکرنے سے باز رہے ،تحریک انصاف

اپوزیشن پروپیگنڈاکرنے سے باز رہے ،تحریک انصاف

پیپلز پارٹی صحافیوں اور وفاقی حکومت کے معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ،آزادی صحافت پر یقین، صحافیوں کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،جمال صدیقی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کراچی کے ترجمان و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر ناصر شاہ جن 500 نالوں کی صفائی کا دعویٰ کر رہے ہیں ان میں سے 5 نالے ہی عوام کو دکھا دیں، سندھ حکومت میں نالوں کی صفائی سے زیادہ نااہلوں کی صفائی کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی کے منہ سے میڈیا کی آزادی اور حقوق کی بڑی بڑی باتیں اچھی نہیں لگتیں، صحافیوں اور حکومت کے معاملے کو پیپلز پارٹی سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔ انصاف ہاؤس سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے 35ارب روپے کے فنڈز سے این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کے ذریعے کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی کا عمل مکمل کرایا جس کی وجہ سے حالیہ مون سون بارشوں میں کراچی ڈوبنے سے بچ گیا،سندھ حکومت کی نا اہلی کے سبب صوبائی حکومت کی ذمہ داریاں بھی وفاقی حکومت پوری کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں عزیز میمن اور اجے لالوانی جیسے جرأت مند صحافیوں کو قتل کیا گیا، وزیر موصوف بتائیں ان کی سندھ حکومت نے قاتلوں کی گرفتاری اب تک یقینی کیوں نہیں بنائی؟ صحافی ہمارے لیے قابل احترام ہیں، اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے سے باز رہیں، پی ایم ڈی اے بل کو پیپلز پارٹی متنارع بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں، صحافیوں کی خدمات ڈھکی چھپی نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں