حکومت غریبوں، تاجروں کو معاشی تحفظ دے ،ثروت قادری

حکومت غریبوں، تاجروں کو معاشی تحفظ دے ،ثروت قادری

ملکی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کیساتھ مہنگائی و بیروزگاری کے خاتمے کیلئے کام کیا جائے،مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ کو فعال اور مثبت اقدامات کرنا ہوں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کو فعال اور مثبت اقدامات کرنا ہونگے، او آئی سی مسئلہ کشمیر حل اور کرفیو ختم کرنے کیلئے مودی حکومت پر دباؤ بڑھائے۔ مرکز اہلسنّت سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی اور بچوں کی گرفتاری وتشدد پر خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع کرنے کیلئے پوری قوم تیار ہے، کشمیریوں کو تحفظ دینے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، مودی کاانسانیت سوز اور مذہبی جنونیت کا نظریہ دنیا کیلئے تباہ کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمے کیلئے حکومت کام کرے، غریبوں، تاجروں کو معاشی طور پر تحفظ اور ریلیف فراہم کیا جائے، ملکی دولت لوٹنے والوں کو گرفتار تو کرلیا گیا مگر ابھی تک کسی سے لوٹی گئی دولت وصول نہیں کی گئی، نیب کی کارکردگی پر انگلی اٹھانا نہیں چاہتے مگر یہ بھی سچ ہے کہ بڑی مچھلیوں سے لوٹی گئی قومی دولت ابھی تک واپس نہیں لی جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی طور پر اب بھی عدم استحکام کا شکار ہے ،مہنگائی میں دن بدن اضافہ ہورہا، اشیا خورونوش غریبوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی رٹ کشمیر اور پاکستان کی سرحدوں پر بھارتی جارحیت کے خلاف کہیں نظر نہیں آرہی جو سوالیہ نشان ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں