بجلی کے بلوں پر 35فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس ظلم ہے ،محنتی

بجلی کے بلوں پر 35فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس ظلم ہے ،محنتی

وفاقی حکومت نے عوام کا جینا مشکل بنادیا،پٹرول کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں، ایازشیرازی

جھڈو،بدھوتالپور(نمائندگان دنیا) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے قول وفعل میں کھلا تضاد ہے ، ریاست مدینہ کے دعوے سے لیکر مہنگائی کے خاتمے تک حکومتی اقدامات اس کے برعکس ہیں، بجلی کے بلوں پر صدارتی آرڈیننس کے ذریعے 35فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس کا فیصلہ حکومتی بے حسی اور عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے ، اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والے ملک میں ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران قرآن وسنت کیخلاف قانون سازی کرکے آئین وقانون اور نظریہ پاکستان کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھڈو میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت ڈویژنل تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ڈویژن بھر سے طلبا شریک تھے ۔ صوبائی امیر نے جھڈو اور ڈگری میں اجتماعات سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے جھڈو کے سیاسی وسماجی رہنمااور سابق امیر ضلع ڈاکٹر شمشاد قائم خانی کے گھر پہنچ کر ان کی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی اور مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ بدھوتالپور سے نمائندے کے مطابق رکن قومی اسمبلی ایاز علی شاہ شیرازی نے سورج سجاولی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے عوام کا جینا مشکل بنادیا ہے ،پٹرول کی قیمتوں میں ہر پندرہ دن بعد اضافہ ہوتا جارہا ہے ،ملک کو کھنڈر بنادیا گیا ہے ۔پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اسمبلی میں احتجاج ریکارڈ کرائینگے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ سجاول ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے ،ہر تحصیل میں اسٹیڈیم بنوایا جارہا ہے ،ہم تعلیم پر کام کررہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں