نارتھ ناظم آباد، زہریلے فضلہ سے وبائی امراض کا خدشہ
روزانہ ماربل فیکٹریوں کا ہزاروں ٹن فضلہ واٹر بورڈ کے ٹینکوں کے قریب جمع کیا جا رہا ،تعفن سے مکینوں کا سانس لینا مشکل ہو گیا، مقامی انتظامیہ اور پولیس نے چپ سادھ لی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگھوپیر روڈ کی ماربل فیکٹریوں کا ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ یومیہ بنیادوں پر نارتھ ناظم آباد میں واٹر بورڈ کے مرکزی ٹینکوں کے قریب ڈمپ کرنے سے بلاک ٹی، نصرت بھٹو کالونی، خلیل آباد اور قرب وجوار کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیلنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں، زہریلے فضلے کے مضر اثرات سے لوگوں کا سانس لینا محال ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی انتظامیہ،پولیس اور مافیا کی ملی بھگت سے منگھو پیر کی ماربل فیکٹریوں کا یومیہ جمع ہونے والا ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ نارتھ ناظم آباد میں بلاک ٹی،نصرت بھٹو کالونی اور خلیل آباد سے متصل واٹر بورڈ کے پینے کے پانی کے مرکزی ٹینکوں کے دہانے پر ڈمپ کیا جا رہا ہے، زہریلے کیمیکل کے فضلے کے مضر صحت اثرات سے لوگوں کو سانس لینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ زہریلے فضلے سے تعفن پھیلنے کے باعث قریبی آبادیوں کے مکینوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔گنجان آباد علاقے میں روزانہ ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ ڈمپ کئے جانے پر مقامی انتظامیہ،پولیس اور متعلقہ حکام نے چپ سادھ رکھی ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق گزشتہ سال بھی بڑے پیمانے پر ماربل فیکٹریوں کے زہریلے کیمیکل کا فضلہ ڈمپ کیاگیا تھا ، روزانہ سیکڑوں ڈمپر ڈمپ کئے جانے کے باعث علاقے میں تعفن پھیل چکا ہے ، ڈمپنگ کو نہ روکا گیا تو وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔